واٹس ایپ میں ایک ایسے دلچسپ اور کارآمد فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جو آپ کی زندگی آسان بنائے گا۔
واٹس ایپ نے ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرایا ہے جس سے صارفین کے لیے اپنی چیٹس منظم کرنا اور ان تک رسائی حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اس نئے فیچر کا اعلان کیا، جس کا نام "کاسٹیوم لسٹس” رکھا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین مختلف لسٹس یا چیٹ فلٹرز بنا کر اپنی پسند کے افراد یا گروپس کو ان میں شامل کر سکیں گے، جس سے اہم چیٹس کو تلاش کرنا اور ان سے بات چیت کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہو جائے گا۔
اب تک واٹس ایپ میں چار فلٹرز دستیاب ہیں جن میں آل، ان ریڈ (unread)، فیورٹس اور گروپس شامل ہیں، لیکن اس نئے فیچر سے صارفین اپنی مخصوص ضروریات کے مطابق الگ الگ لسٹس جیسے کہ گھر والے، دفتری ساتھی، دوست وغیرہ بنا سکتے ہیں۔
ایک بار لسٹ بنانے کے بعد واٹس ایپ خودکار طور پر اس لسٹ کے لیے ایک فلٹر تیار کر دے گا جو چیٹ اسکرین پر ظاہر ہو گا۔ جیسے ہی آپ کسی مخصوص فلٹر پر کلک کریں گے، آپ کی اس لسٹ کی چیٹس چیٹ ونڈو میں نظر آئیں گی۔
اس فیچر کا مقصد صارفین کو ان چیٹس پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد دینا ہے جو ان کے لیے سب سے زیادہ اہم ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کیسے کریں؟
اس فیچر کو استعمال کرنا بھی انتہائی آسان ہے۔ اس کے لیے چیٹ ٹیب کے اوپر فلٹرز کے ساتھ موجود پلس آئیکون پر کلک کریں، پھر "لسٹس” کا انتخاب کریں اور "نیو لسٹ” پر جائیں۔ اس کے بعد اپنی لسٹ کا نام رکھیں اور پلس آئیکون کے ذریعے افراد یا گروپس کو شامل کریں۔ کام مکمل کرنے کے بعد "create لسٹ” بٹن پر کلک کریں۔ آپ کی نئی لسٹ فلٹرز میں نظر آنے لگے گی، جس سے آپ اپنی چیٹس کو باآسانی منظم کر سکیں گے۔
اس فیچر کو بتدریج صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے اور آنے والے ہفتوں میں سب کے لیے دستیاب ہوگا۔