آئی سی سی نے سست اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو تیسرے ون ڈے میچ میں بھی جرمانے کا نشانہ بنایا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچز میں بھی جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم ٹیم نے ان غلطیوں سے سبق نہ سیکھا اور تیسرے میچ میں بھی اسی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی۔
پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں ایک اوور پیچھے رہ گئی، جس پر آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ کے تحت میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے سست اوور ریٹ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کی۔
یاد رہے کہ تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دے کر کلین سوئپ کیا تھا، جبکہ اس سے پہلے پانچ میچز کی سیریز میں بھی کیوی ٹیم نے گرین شرٹس کو چار ایک سے ہرایا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو مکمل طور پر فٹ قرار دے دیا ہے، جس کے بعد وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔