ویلنگٹن، نیوزی لینڈ کے نوجوان بیٹر محمد عباس نے اپنے ڈیبیو میچ میں تیز ترین نصف سنچری بنا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ آج نیپیئر میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
21 سالہ محمد عباس نے پاکستان کے خلاف محض 24 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے اپنی ففٹی میں 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے، جو ڈیبیو میچ میں ایک منفرد کارنامہ ہے۔
دوسری جانب لاہور قلندرز نے ڈیرن گف کی عدم دستیابی کے باعث نئے ہیڈ کوچ کا تقرر کر دیا۔
قلندرز نے پی ایس ایل 10 کے لیے جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومینگو کو ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپ دی۔
لاہور قلندرز کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ تجربہ کار جنوبی افریقی کوچ رسل ڈومینگو کو پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن کے لیے ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، وہ ڈیرن گف کی جگہ سنبھالیں گے، جنہوں نے ذاتی وجوہات کے باعث اپنی دستیابی سے معذرت کر لی تھی۔