اسلام آباد، سال 2023 میں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کی عمارت کی تعمیر میں کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث این ایل سی کو 18 کروڑ 99 لاکھ روپے کا مالی نقصان پہنچا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں 18 کروڑ 98 لاکھ روپے کی مالی بے ضابطگیوں پر مشتمل آڈٹ پیرا کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی عمارت کی تعمیر کے لیے منصوبہ براہ راست این ایل سی کو دیا گیا اور این ڈی ایم اے اور این ایل سی کے درمیان یہ معاہدہ مارچ 2023 میں طے پایا۔
آڈیٹر جنرل حکام نے انکشاف کیا کہ بولی کے عمل میں صرف ایک کمپنی نے حصہ لیا، اور اسی کو ٹھیکہ دے دیا گیا۔ این ڈی ایم اے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ منصوبے کے لیے بولی سب کے لیے دستیاب تھی۔ تاہم، آڈیٹرز نے نشاندہی کی کہ بولی کی قیمت مناسب تھی یا نہیں، اس کے تعین کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں تھا۔
عمر ایوب خان نے سوال اٹھایا کہ ایسا کون سا مخصوص منصوبہ تھا جس کے لیے کھلی بولی کا انعقاد ممکن نہ تھا؟ کیا اس عمارت میں کوئی میزائل تیار ہونا تھا جو بڈنگ کو شفاف انداز میں اوپن نہیں کیا گیا؟
آڈیٹرز نے کہا کہ ہمارا سوال یہ ہے کہ کیا صرف یہی دو کمپنیاں تمام بڑے منصوبے حاصل کرنے کی اہل ہیں؟
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے این ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ ایک ماہ کے اندر اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔