لاہور: مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ نواز شریف نے بلوچستان میں مذاکرات کی کوشش کرنے کی تجویز دی ہے۔
اپنے بیان میں سینئر لیگی رہنما خرم دستگیر نے واضح کیا کہ جعفر ایکسپریس واقعہ ناراض بلوچوں کا نہیں بلکہ دہشت گردی کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے عسکری حکمتِ عملی ناگزیر ہے، تاہم اگر مذاکرات کیے جائیں تو نواز شریف کی شخصیت اس میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، اور اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
خرم دستگیر کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے بلوچستان میں مذاکرات کے لیے کوششیں کرنے کی تجویز دی ہے۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک اور حادثے میں ٹینکر کی ٹکر سے تین افراد جاں بحق ہوگئے، اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ٹریفک حادثات کسی دہشت گردی سے کم نہیں، ٹینکرز مافیا کو آخری وارننگ دے رہا ہوں، آئندہ حکمتِ عملی عوام کے ساتھ مل کر طے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے آواز اٹھانے سے کچھ حلقوں کو تکلیف ہوتی ہے، لیکن میں عوام کے حق میں بات کرتا رہوں گا۔