وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری مشہور پنجابی گلوکارہ نصیبو لال سے ملاقات کیلئے ان کے گھر پہنچ گئیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری مشہور پنجابی گلوکارہ نصیبو لال کی خیریت دریافت کرنے ان کے گھر پہنچیں۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گلوکارہ کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر چیئرمین استحقاق کمیٹی سمیع اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
عظمیٰ بخاری نے نصیبو لال کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس پر گلوکارہ نے مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کیا۔ نصیبو لال نے مریم نواز کی فنکاروں کے لیے فلاحی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے والد، نواز شریف نے ہمیشہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی، اور مریم نواز بھی اسی راہ پر گامزن ہیں۔
واضح رہے کہ نصیبو لال کو ان کے شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کے خلاف انہوں نے مقدمہ درج کرایا تھا۔ تاہم، بعد میں شوہر کی معذرت کے بعد گلوکارہ نے مقدمہ واپس لے لیا۔