میانمار میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے جس کے جھٹکے بنگلہ دیش، بھارت، لاؤس اور چین میں بھی محسوس کیے گئے ہیں جبکہ زلزلے کے بعد شدید آفٹر شاک بھی آیا ہے۔
میانمار کے وسطی علاقے میں 7.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ زلزلے کے جھٹکے تھائی لینڈ اور چین تک محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز سگائنگ شہر سے 16 کلومیٹر شمال مغرب میں اور 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے بعد 6.8 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا، جس سے مزید عمارتیں متاثر ہوئیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے شمالی تھائی لینڈ میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں دارالحکومت بنکاک میں کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں اور 43 افراد ملبے تلے دب گئے۔
چین کے صوبے یونان میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس کیے گئے، جہاں چینی ارضیاتی مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی۔ بنکاک میں سڑکوں پر دراڑیں پڑ گئیں، جس کے بعد میٹرو اور ریل سروسز معطل کر دی گئیں۔
سوشل میڈیا ویڈیوز میں زلزلے کے دوران عمارتیں لرزتی ہوئی نظر آئیں، جبکہ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔