چوہدری شجاعت حسین نے مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صاحبزادے عبدالحق ثانی کو ٹیلی فون کیا اور دلی تعزیت کی۔
گجرات: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صاحبزادے عبدالحق ثانی کو ٹیلی فون کیا اور دلی تعزیت کی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ انہیں مولانا کی شہادت کا سن کر صدمہ پہنچا، کیونکہ ان کا تعلق مولانا عبدالحق، مولانا سمیع الحق اور حامد الحقانی سے محض سیاسی نہیں بلکہ قلبی تھا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا کی شہادت ملک و قوم کے خلاف ایک گہری سازش کا حصہ ہے، کیونکہ دارالعلوم حقانیہ نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی اور پاکستان کے استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ کا ردعمل ان کی وطن دوستی اور قربانیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
مولانا کے بیٹے عبدالحق ثانی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نہ صرف ایک بڑے سیاسی رہنما ہیں بلکہ ہمارے لیے بزرگ اور سرپرست کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے تعزیتی جذبات سے انہیں اور ان کے خاندان کو حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چوہدری شجاعت حسین مولانا حامد الحق کی شہادت میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
دریں اثنا، مسلم لیگ (ق) کے رہنما مصطفیٰ ملک تعزیتی پیغام لے کر اکوڑہ خٹک پہنچے اور تعزیتی تقریب سے خطاب کیا۔