جمعہ, 25 اپریل , 2025

ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

latest urdu news

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، اور جہلم میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع کی گئی ہے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی ہے، تاہم میانوالی، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، لاہور اور سیالکوٹ میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جب کہ شمالی اضلاع میں جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مانسہرہ، اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور، خیبر، مہمند، صوابی، ہری پور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، کرم، ہنگو، اور کرک میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع کی گئی ہے، جہاں بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ وادی نیلم میں جاری بارش اور برفباری کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بارش اور برفباری کے دوران شاہراہ نیلم پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے آگاہ کیا ہے اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter