جمعہ, 25 اپریل , 2025

مصطفیٰ قتل کیس: ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس میں مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی۔

سینٹرل جیل کراچی میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے ملزم ارمغان قریشی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔

latest urdu news

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا پیشرفت رپورٹ لائے ہیں؟ تفتیشی افسر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سے ڈی وی آر، آلہ ضرب اور ایک آئی فون برآمد کر لیا گیا ہے، لہٰذا جسمانی ریمانڈ میں 17 مارچ تک کی توسیع دی جائے۔

ملزم کے وکیل عابد زمان نے اس درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ مزید تفتیش کی ضرورت نہیں، اس لیے جسمانی ریمانڈ بڑھانے کے بجائے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن نے اسٹک کی برآمدگی کے حوالے سے غلط بیانی کی، کیونکہ اسٹک اگلے دن ہی برآمد ہو چکی تھی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں زیادہ سے زیادہ جسمانی ریمانڈ کتنے دن کا ہو سکتا ہے؟ جس پر ملزم کے وکیل نے جواب دیا کہ اے ٹی سی میں 30 دن تک کا ریمانڈ دیا جا سکتا ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے کیس ڈائری اور پیشرفت رپورٹ کے بارے میں سوال کیا اور ملزم کے وکیل کی جانب سے عبوری چالان جمع کرانے کی درخواست پر تفتیشی افسر اور خصوصی سرکاری وکیل کو نوٹس جاری کر دیا۔

سماعت کے اختتام پر عدالت نے ملزم ارمغان قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کے احکامات دے دیے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter