اسلام آباد، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے یہ ہدایات ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے دورے کے دوران دیں، جہاں انہوں نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط کو جلد قانونی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئی شرائط کا مقصد غیر قانونی امیگریشن اور بھکاریوں کی روک تھام کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنے سے غیر قانونی نقل مکانی کو سختی سے روکا جاسکے گا۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر 6 نئے ایم آر پی اور 2 ای پاسپورٹ مشینوں کا معائنہ بھی کیا، جن کی تنصیب سے پاسپورٹ آفس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، محسن نقوی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ان مشینوں کی تنصیب میں پاکستان آئی جرمن ٹیم کا اہم کردار رہا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے بہت جلد ایک موبائل ایپ لانچ کی جائے گی جس سے پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔
دوسری جانب بلوچستان کے محکمہ خوراک میں گندم کی بوریوں کی خردبرد کے 2 نئے اسکینڈل سامنے آئے ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے کوئٹہ میں محکمہ خوراک کے گوداموں سے 2018 بوریاں گندم چوری کرنے کے الزام میں 5 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور 3 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔