بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے ایک اور تاریخ رقم کر دی۔
گزشتہ روز ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجر بنگلور نے ممبئی انڈیز کو شکست دے کر فتح سمیٹی، جس کے ساتھ ہی ان کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر آ گئی۔
اس میچ میں رائل چیلنجر بنگلور نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے، اور ویرات کوہلی نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کے ساتھ انہوں نے ایک اور تاریخ رقم کی۔
کوہلی نے ٹی20 فارمیٹ میں 13 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا اور وہ ایسا کرنے والے پہلے بھارتی بلے باز بنے۔
انہوں نے یہ کارنامہ اپنے 403 ویں ٹی20 میچ کی 386 ویں اننگز میں انجام دیا۔ کوہلی، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل کے بعد، ٹی20 میں 13 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے تیز ترین بلے باز بن گئے ہیں۔
کرس گیل نے اپنی 381 ویں اننگز میں 13 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
ٹی20 میں تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں:
- کرس گیل (ویسٹ انڈیز) – 381 اننگز
- ویرات کوہلی (بھارت) – 386 اننگز
- ایلکس ہیلز (انگلینڈ) – 474 اننگز
- شعیب ملک (پاکستان) – 487 اننگز
- کیرون پولارڈ (ویسٹ انڈیز) – 594 اننگز
اب تک ٹی20 میں 13 ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے پانچ بیٹرز ہیں۔