جمعہ, 25 اپریل , 2025

مالدیپ نے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مالدیپ نے فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، پارلیمان سے منظوری کے بعد صدر محمد معیزو نے اس فیصلے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد یہ قانون فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا، صدر کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امیگریشن قانون میں یہ تبدیلی اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری "ظالمانہ کارروائیوں” کے خلاف احتجاج کے طور پر کی گئی ہے۔

latest urdu news

نئے ضابطے کے مطابق، اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد مالدیپ میں داخل نہیں ہوسکیں گے، تاہم وہ افراد جن کے پاس دوہری شہریت ہے، وہ کسی دوسرے ملک کی سفری دستاویزات استعمال کرکے ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔

یہ مجوزہ ترمیم سب سے  پہلے مئی 2024 میں اپوزیشن کے رکن پارلیمان میکائل احمد نسیم نے پیش کی تھی، جسے سیکیورٹی سروسز کمیٹی نے منظور کیا اور 308 دن کے بعد پارلیمان نے اس کی حتمی منظوری دے دی۔

صدر معیزو نے اس اقدام کے ساتھ ساتھ فلسطین کی انسانی ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی نمائندہ مقرر کرنے اور "فلسطین سے یکجہتی” کے نام سے فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ 2023 میں 11 ہزار سے زائد اسرائیلی سیاحوں نے مالدیپ کا دورہ کیا تھا، مگر غزہ میں جاری کشیدگی کے باعث 2024 میں یہ تعداد خاصی کم ہو گئی ہے۔

اس فیصلے کے ردعمل میں اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں، خاص طور پر دوہری شہریت رکھنے والوں کو مالدیپ جانے سے گریز کرنے اور وہاں سے نکلنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ مالدیپ میں اسرائیل کی قونصلر سہولیات نہایت محدود ہیں۔

واضح رہے کہ مالدیپ کی 98 فیصد سے زائد آبادی مسلمان ہے اور مالدیپ ماضی میں بھی اسرائیلی سیاحوں پر پابندی عائد کر چکا ہے، جو بعد ازاں 1990 کی دہائی میں ختم کر دی گئی تھی، 2010 میں اسرائیل سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کی کوشش کی گئی تھی، مگر یہ کوشش 2012 میں ناکام ہو گئی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter