وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹر برائے خیبرپختونخوا امور اختیار ولی نے کہا کہ مائنز اینڈ منرل بل کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی سے مشروط کرنا ایک ناپاک عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔
اپنے بیان میں اختیار ولی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل میں کرپشن کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا اور خیبرپختونخوا میں مال بنانے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ عوام مخالف پالیسیوں کو فروغ دیا، اور پی ٹی آئی کے ارکان ملک میں انتشار چاہتے ہیں، چاہے پاکستان دیوالیہ ہوجائے، لیکن ملک کی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
اختیار ولی نے کہا کہ مائنز اینڈ منرل بل کو عمران خان کی رہائی سے مشروط کرنا ان کے ناپاک عزائم کی نشاندہی کرتا ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں نے ہمیشہ بلیک میلنگ کی سیاست اپنائی، اور خیبرپختونخوا حکومت کو عوام مخالف پالیسیوں کو ترک کرنا ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ان کی بہنوں کا حق ہے اور یہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ کے حکم کے مطابق ہے۔