مشرقی لیبیا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 4 پاکستانیوں سمیت 11 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں سے تین کا تعلق منڈی بہاؤالدین جبکہ ایک کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔
ذرائع کے مطابق کشتی لیبیا سے یونان جانے کی کوشش کر رہی تھی اور حادثہ 12 اور 13 اپریل کی درمیانی رات پیش آیا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں انسانی اسمگلنگ کے ایجنٹوں کی تعداد میں اضافہ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں معاشی بدحالی، بے روزگاری، اور بہتر زندگی کی تلاش میں نوجوانوں کی مایوسی شامل ہے، ان ایجنٹوں کا نیٹ ورک ان کمزور طبقات کو نشانہ بناتا ہے جو غیر قانونی طور پر یورپ یا دیگر ممالک میں جانے کے خواب دیکھتے ہیں۔
یہ افراد نہ صرف جعلی وعدوں کے ذریعے بھاری رقوم بٹورتے ہیں بلکہ انہیں انتہائی خطرناک راستوں، جیسے کشتیوں یا صحرائی علاقوں سے، غیر محفوظ سفر پر مجبور کرتے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کمزور نگرانی، کرپشن اور کارروائی نہ ہونے کے باعث یہ نیٹ ورک مزید مضبوط ہو رہا ہے، عوام میں شعور کی کمی اور قانونی راستوں سے لاعلمی بھی ان ایجنٹوں کے لیے زمین ہموار کرتی ہے۔
سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ان ایجنٹوں نے اپنی پہنچ بڑھا لی ہے، جہاں وہ جھوٹے خواب بیچ کر معصوم لوگوں کو ورغلاتے ہیں۔