وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں نے شرطیں لگائی تھیں کہ ملکی معیشت نہیں سنبھلے گی لیکن آج معیشت کے تمام اشاریے مثبت جارہے ہیں، کل پوری قوم کے سامنے اپنی کارکردگی رپورٹ رکھیں گے۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ شرطیں لگا رہے تھے کہ ملکی معیشت نہیں سنبھلے گی، لیکن آج تمام اقتصادی اشاریے مثبت جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل قوم کے سامنے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ 4 مارچ 2025 کو مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت کا ایک سال مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کبھی جھوٹ نہیں بولتے، جبکہ عوام مہنگائی میں کمی دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کی سیاست میں اب عوام کی کوئی دلچسپی نہیں رہی، اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی مفاد میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھوکھلے نعرے لگانے والے نہ لیپ ٹاپ دے سکے، نہ ہسپتال اور اسکول بنا سکے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، اسٹاک ایکسچینج نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے، جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کامیابی اور مختلف ممالک کے رہنماؤں کے دوروں کو حکومت کی سفارتی کامیابی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد، ترکیہ کے صدر اور ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کے بارے میں مثبت تاثرات کا اظہار کیا، جبکہ آذربائیجان کے صدر نے بھی 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی سیاست سے بالاتر ہو کر ریاست کے مفاد میں فیصلے کیے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔