کراچی، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔
سندھ حکومت نے شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے جاب پورٹل کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، بزنس کمیونٹی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کی ترقی میرا مشن ہے، ہم عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہیں، صوبے کی معیشت کو نجی شعبہ چلاتا ہے، روزگار کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آئی ورک فار سندھ پلیٹ فارم متعارف کروایا ہے، نوجوان اور جاب کریئیٹرز اس پورٹل کے ذریعے نجی سیکٹر سے جُڑ کر روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے جعفر ایکسپریس واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک افسوسناک سانحہ ہے، جس پر قوم دُکھی ہے، مگر ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس میں ترقیاتی منصوبے اور عوامی خدمت کے اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے پانی کی تقسیم سے متعلق سندھ اسمبلی میں ہونے والے مباحثے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں دو کینالز کے قیام کا معاملہ سامنے آیا تو جام خان شورو اور نثار کھوڑو نے بھرپور مزاحمت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی ہم سب کی ترقی ہے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی حکومتی کوششوں کا خیرمقدم کیا، انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔