جمعہ, 25 اپریل , 2025

قرضوں سے ترقی ممکن نہیں، امید ہے یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا، وزیراعظم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کا افتتاح کر دیا۔

اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرضوں کے سہارے ترقی ممکن نہیں، دعا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کا موجودہ پروگرام آخری ہو، 77 سالوں میں ملک پر قرضوں کا بوجھ بڑھا ہے، آخری حد تک کوشش کروں گا کہ قوم کو قرضوں سے نجات دلاؤں۔

latest urdu news

اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن نوجوانوں کے لیے ایک منفرد خوشی کا موقع ہے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب تعلیم، صحت اور نوجوانوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔ اگر نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ووکیشنل ٹریننگ دی جائے تو وہ ملک کی حقیقی طاقت بن سکتے ہیں، اپنے دورِ وزارت میں 4 لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر ہونہار طلبہ میں تقسیم کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا جدید ترین ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہی ہے، اگر کئی ممالک تیل، گیس اور معدنی وسائل سے مالا مال ہیں تو پاکستان کی اصل دولت اس کے نوجوان ہیں، ان کی بہترین تربیت کے لیے جتنا بھی سرمایہ خرچ کرنا پڑے، کریں گے، تاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیا جا سکے۔

انہوں نے رانا مشہود کو پروڈکٹیو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک سونپنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو خودمختار بنانے کے لیے مکمل وسائل فراہم کیے جائیں گے، بہترین ٹرینرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کیا جا سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں قرضوں کی زندگی سے نکل کر وقار کی راہ اپنانا ہوگی، خوشی ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، حالیہ تین ہفتوں میں 34 ارب روپے قومی خزانے میں شامل ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام قوموں کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے ہوتا ہے، ہماری معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور امید ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری معاہدہ ہوگا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter