سرائے عالمگیر کے گاؤں دندی نظام میں چند افراد نے قبرستان کی دیوار اور قبریں مسمار کر کے گلی کھلی کرنے کی کوشش کی۔
سرائے عالمگیر کے گاؤں دندی نظام میں چند افراد نے قبرستان کی دیوار اور قبریں مسمار کر کے گلی کھلی کرنے کی کوشش کی۔ اس سنگین اقدام پر تھانہ بولانی پولیس نے شاہد بٹ، سعید بٹ، زاہد بٹ، بابر بٹ، رشید سمیت پانچ نامزد اور چھ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ادھر، گجرات میں ٹریفک کی روانی متاثر کرنے پر متعدد افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کوٹلہ مین بازار میں سڑک پر پراڈو کھڑی کر کے راستہ بلاک کرنے والے عبداللہ آصف کے خلاف مقدمہ درج ہوا، جبکہ ڈھکی چوک میں چاٹ ریڑھی لگا کر سڑک بند کرنے پر مرزا عمران اور پرنس چوک میں موٹر سائیکلیں پارک کرنے پر نعیم الیکٹرونکس والے کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
گجرات انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف دکانداروں کے خلاف کارروائی کی۔ زائد قیمتوں پر دودھ، پھل، سبزیاں اور دالیں بیچنے والے دو درجن سے زائد دکانداروں پر مقدمات درج کیے گئے، جن میں تھانہ ککرالی میں 19، تھانہ اے ڈویژن میں 3، تھانہ لاری اڈہ میں 7، سٹی لالہ موسیٰ میں 5 اور منگووال میں 6 مقدمات شامل ہیں۔