وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے اقدامات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی خواہش شامل تھی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں بیٹھ کر ان سب کو لیڈ کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ کہنا تھا کہ یہ تمام وہ لوگ ہیں جنہوں نے انتشاری ٹولے کیساتھ ملک کو نقصان پہنچایا، شواہد آنے کا سلسلہ جاری ہے، لگتا یہ ہے کہ ابھی مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گیں۔
عطاتارڑ کا یہ کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی کوششیں کیں وہ سب کے سب قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔
وفاقی وزیر کا یہ کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی ہے، ثبوتوں سے پتا چلتا ہے کہ عمران خان جیل میں بیٹھ کر بھی پیغام رسانی کا کام کررہے تھے۔
دوسری جانب سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کا یہ کہنا ہے کہ میری 2 ہفتوں کے بعد وطن واپسی ہوگی، پاکستان کے موجودہ حالات کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ میں اپنی طے شدہ مصروفیات کے تحت 7 اگست کو لندن پہنچا تھا، ہر سال 3 ہفتے ملک سے باہر گزارتا ہوں، انگلینڈ کے بعد اسکاٹ لینڈ اور ناروے بھی جاؤں گا، 2 ہفتوں کے بعد وطن واپسی ہوگی۔