جمعہ, 25 اپریل , 2025

فیصل جاوید کو جہاز سے آف لوڈ کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کو طیارے سے آف لوڈ کرنے کے معاملے پر برہمی کا اظہار کیا اور سرکاری وکیل کی سرزنش کی۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، جس میں سینیٹر فیصل جاوید اپنے وکیل عالم خان ادینزئی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

latest urdu news

وکیل عالم خان ادینزئی کا کہنا تھا کہ عدالت نے فیصل جاوید کو عمرہ پر جانے کی اجازت دی تھی، اس کے باوجود انہیں طیارے سے اتار دیا گیا۔

عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ جب عدالت میں یقین دہانی کرائی گئی تھی تو فیصل جاوید کو جانے کیوں نہیں دیا گیا؟ اگر ادارے احکامات نہیں مانتے تو ان کا دفاع کیوں کیا جا رہا ہے؟ عدالت نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنانا ضروری ہے۔

وکیل درخواست گزار نے آگاہ کیا کہ توہین عدالت کی نئی درخواست دائر کی گئی ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ درخواست موصول ہونے پر اس پر سماعت کی جائے گی۔

اس سے پہلے سینیٹر فیصل جاوید نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت کے حکم کے باوجود انہیں عمرہ پر جانے سے روکا گیا، جبکہ وزارت داخلہ کو ان کا نام نکالنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز فیصل جاوید کو پشاور ایئرپورٹ پر سعودی عرب روانگی سے روک دیا گیا تھا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter