گجرات: ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی گجرات نے حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز گوجرانوالہ محمد سجاد گوندل اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز گجرات کی زیر نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ میں مختلف فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا اور مضر صحت اشیاء ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، کارروائیوں کے دوران 480 کلو گرام مضر صحت گھی مختلف برانڈز کے نام پر فروخت کیا جا رہا تھا، جسے فوری طور پر ضبط کر کے تلف کر دیا گیا، جبکہ مالکان کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
علاوہ ازیں، جی ٹی روڈ پر موجود سحری اور افطاری کے متعدد فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا، جہاں کھلے ممنوعہ رنگ، ناقص آئل اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال پر ایک لاکھ روپے تک کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خور و نوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر گجرات کی زیر صدارت شہر کے داخلی راستوں کی خوبصورتی سے متعلق اجلاس
ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ناقص اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔
فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی جگہ مضر صحت یا غیر معیاری خوراک کی فروخت ہوتے دیکھیں تو فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں، تاکہ ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جا سکے۔