بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے آتشبازی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہلی پلوشن کنٹرول کمیٹی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آتش بازی کے سامان کی تیاری، اسے ذخیرہ کرنے، فروخت کرنے اور زیر ِاستعمال لانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور یہ کہ اس حکم کا مقصد آلودگی کو کم کرنا ہے۔
یہ پابندی ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب 2 ہفتے بعد یکم نومبر کو دیوالی کا تہوار منایا جانا ہے اور آتشبازی اس تہوار کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ برسوں میں آتشبازی پر مختلف پابندیاں لگائی جاتی رہی ہیں لیکن ان پر عملدرآمد ٹھیک طریقے سے نہیں ہوتا رہا ہے اور پولیس اکثر مذہبی جذبات کا خیال کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کرتی ہے۔
ایک غیر ملکی رپورٹ کے مطابق 2019 میں نئی دہلی میں فضائی آلودگی کےباعث تقریباً ساڑھے 17 ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے۔