لاہور کی مقامی عدالت نے دھوکہ دہی اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں اداکارہ نازش جہانگیر کے وارنٹ گرفتاری ختم کر دیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے کیس کی سماعت کی، جہاں عدالتی حکم پر نازش جہانگیر اپنے وکیل بیرسٹر حارث سوہل کے ہمراہ پیش ہوئیں۔
عدالت نے اداکارہ کے وارنٹ گرفتاری 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منسوخ کر دیے۔
یاد رہے کہ نازش جہانگیر اور ان کے ساتھی سکندر خان کے خلاف اسود ہارون نامی شخص نے تھانہ ڈیفنس سی میں 25 لاکھ روپے اور گاڑی واپس نہ کرنے پر مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات اور گداگری میں ملوث دو خواتین سمیت تین مسافروں کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں صغراں، ذلیخہ جعفری اور محمد شاہ زیب شامل ہیں۔ دونوں خواتین ایمرجنسی پاسپورٹ پر عراق سے وطن واپس پہنچیں، اور ان پر عراق میں گداگری میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔