اسلام آباد، قائد حزب اختلاف اور رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے باجوڑ میں افغانستان کی سرحد سے خوارج کے 1 گروپ کی دراندازی کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
عمر ایوب نے دراندازی کو ناکام بنانے اور فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔
قائد حزب اختلاف کا یہ کہنا تھا کہ ہمیں اپنے شہیدوں پر فخر ہے، کیونکہ انہی کی بدولت آج ہم ایک محفوظ زندگی گزار رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات خان اور سپاہی وقار کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، غم کی مشکل گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے دکھ و پریشانی میں برابر کے شریک ہیں۔
دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کے قتل میں ملوث بی ایل اے کے 3 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں بی ایل اے کے 3 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 3 دہشتگرد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ آپریشن گزشتہ روز مستونگ میں کیا گیا، ہلاک دہشتگرد ڈپٹی کمشنرپنجگورکی شہادت میں ملوث تھے۔