پشاور، خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ فارم 47 کی وزیراعلیٰ رمضان کے دوران بھی سخت طرزِ عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں یومِ پاکستان کی تقریبات منانے پر پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری قابلِ مذمت ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک مخصوص شخصیت سعودی عرب سے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کی ہدایات دے رہی تھی، جبکہ گزشتہ شب کئی کارکنوں کو مساجد سے گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی حکومت سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنا رہی ہے، جبکہ بے گناہ افراد کو صرف پاکستان اور عمران خان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ یومِ پاکستان پر پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد میں شرکت نے حکومت کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، عوام کے بھرپور ردِ عمل نے حکومت کی غیر مقبولیت پر مہر ثبت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر عوام نے حقیقی آزادی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے عزم کا اظہار کیا، اور ملک بھر میں عوامی اجتماعات نے حکومت کی پوزیشن کو واضح کر دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ اگر حکومت میں ذرا بھی احساس باقی ہے تو اسے فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے مستحکم معیشت اور مؤثر خارجہ تعلقات ضروری ہیں۔
رانا ثناء اللہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔