غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 36 فلسطینی شہید، فاقہ کشی سے اموات کی تعداد 201 تک جا پہنچی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری اور زمینی حملوں کا سلسلہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ جمعے کے روز کی تازہ کارروائیوں میں مزید 36 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں 21 وہ افراد شامل ہیں جو امداد کے حصول کے لیے قطاروں میں کھڑے تھے۔

latest urdu news

بین الاقوامی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی کابینہ کی جانب سے غزہ پر مکمل کنٹرول کے فیصلے کے بعد حملوں میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ حملے نہ صرف عسکری اہداف بلکہ عام شہری آبادی کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، جس سے انسانی بحران شدید تر ہو گیا ہے۔

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں غذائی قلت اور بھوک کے باعث مزید چار فلسطینی زندگی کی بازی ہار گئے۔ یوں اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی محاصرے کے دوران فاقہ کشی سے شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 201 ہو گئی ہے، جن میں 98 بچے بھی شامل ہیں۔

صورتحال کو مزید ابتر بنانے کے لیے اسرائیل نے غیر ملکی امدادی تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے، اور غذائی اشیاء کی ترسیل صرف اسرائیلی و امریکی کنٹرول میں کی جا رہی ہے۔ متعدد مقامات پر اسرائیلی فوج اور امریکی سیکیورٹی اہلکاروں نے خوراک کے لیے جمع عوام پر گولیاں چلائیں، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں اور عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے اب تک جاری حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 61 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

اسرائیلی کابینہ کی غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کے منصوبے کی منظوری

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جس کی درخواست کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان نے مشترکہ طور پر دی ہے۔ عالمی برادری پر ایک بار پھر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter