جمعہ, 25 اپریل , 2025

غزہ میں اسرائیلی، شجاعیہ کی عمارت پر حملہ: بچوں سمیت 38 فلسطینی شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

غزہ، اسرائیلی فضائی بمباری کے دوران شجاعیہ کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت کم از کم 38 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی اور لاپتا ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، غزہ شہر کے مشرقی حصے میں واقع ایک کثیر المنزلہ عمارت پر حملہ کیا گیا جس میں 29 افراد موقع پر ہی شہید ہوئے، جبکہ 80 کے قریب افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، طبی حکام کے مطابق حملے سے اطراف کے کئی مکانات بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔

latest urdu news

اس حملے کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی اسرائیلی بمباری جاری رہی، جہاں مزید 9 فلسطینی شہید ہوئے، یوں بدھ کے روز شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 38 تک جا پہنچی۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، 18 مارچ کو جنگ بندی کے خاتمے کے بعد صرف تین ہفتوں میں 1500 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی ہے، جب کہ اکتوبر 2023 سے لے کر اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50 ہزار 800 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ کے رہائشیوں کو کئی علاقوں سے انخلا کا حکم دیا ہے، جس پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلسطینیوں کو مستقل طور پر ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب قطر، مصر اور امریکا کی حمایت سے جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، تاہم اب تک کوئی باضابطہ پیشرفت سامنے نہیں آئی۔

اقوام متحدہ کی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے پیرس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی برادری نے فوری طور پر کارروائی نہ کی تو اسرائیل تشدد کا سلسلہ جاری رکھے گا، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جنگی جرائم کے مقدمات سے بچنے کے لیے جنگ کو طول دے رہے ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter