مرغی، بکرے، گائے کا گوشت، چینی، سبزیاں اور پھل سب مہنگے، دکانداروں کی من مانیاں جاری
لاہور: عید الفطر کے پہلے روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث شہری پریشان ہوگئے۔ مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت، چینی، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عید کی چھٹیوں کے باعث منڈیاں بند ہونے سے دکانداروں نے من مانیاں شروع کر دی ہیں۔ مرغی کا سرکاری ریٹ 595 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں 800 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح بکرے کا گوشت 1900 کی بجائے 2500 سے 2700 روپے، گائے کا گوشت 900 کی بجائے 1300 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔
دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ چکی ہیں:
- چینی 163 روپے کی بجائے 180 روپے فی کلو
- آلو 70 روپے، ٹماٹر 100 روپے، پیاز 80 روپے فی کلو
- کیلا 300 روپے درجن، سیب 400 روپے فی کلو، خربوزہ 250 روپے فی کلو
شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران بھی مہنگائی کا سامنا رہا، اور اب عید پر بھی دکانداروں کی من مانی جاری ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو عید کی چھٹیوں کے دوران بھی متحرک رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مقدمات درج کر کے حوالات بھجوایا جائے گا۔