47
لاہور: عید الفطر سے قبل اکاؤنٹنٹ جنرل (اے جی) پنجاب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں جاری کر دی ہیں، جس سے ہزاروں ملازمین کو بروقت ادائیگی ممکن ہو گئی ہے۔
کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کی ہدایات پر اے جی پنجاب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے (MPG) کے ذریعے تنخواہیں جاری کیں۔ یہ جدید ڈیجیٹل نظام تنخواہیں فوری اور بغیر کسی تاخیر کے ملازمین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرتا ہے، جس سے رقوم کی ادائیگی تیز اور محفوظ ہو گئی ہے۔
اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کے مطابق ڈیجیٹل نظام سے نہ صرف سہولت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ شفافیت اور رفتار کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ اس اقدام سے ملازمین کو بینکوں میں لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی زحمت سے نجات ملے گی، اور تنخواہیں براہِ راست ان کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر ہوں گی۔