لاہور، پنجاب میں عیدالفطر کے سلسلے میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری اور نجی کالجز 28 مارچ سے 2 اپریل تک عیدالفطر کی تعطیلات کے باعث بند رہیں گے، یعنی طلبہ کو 6 دن کی چھٹیاں ملیں گی۔
کالجز کے برعکس، پنجاب بھر کے اسکول 28 مارچ سے 6 اپریل تک بند رہیں گے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کا اطلاق سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔ تاہم، 4 اپریل کو اساتذہ امتحانی نتائج کے اعلان کے لیے اسکول آئیں گے۔
سندھ حکومت نے بھی 4 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، جس سے سرکاری ملازمین کی عید کی خوشیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ اب انہیں 29 مارچ سے 6 اپریل تک کل 8 دن کی چھٹیاں ملیں گی، صرف 3 اپریل کو دفاتر کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی حکومت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، 31 مارچ سے 2 اپریل (پیر سے بدھ) تک عید کی چھٹیاں ہوں گی۔
اس سے قبل وفاقی حکومت بھی 31 مارچ سے 2 اپریل تک عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے۔
سرکاری ملازمین ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیل کے باعث کل 5 چھٹیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، پاکستان میں عیدالفطر 31 مارچ بروز پیر ہونے کا امکان ہے۔