عمرکوٹ، سندھ حکومت نے ضلع عمر کوٹ میں 17 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، یہ فیصلہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ضمنی الیکشن کے دن شہریوں کی سہولت اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے تعطیل دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ این اے 213 عمر کوٹ کی نشست، نواب یوسف تالپور کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، وہ 2024 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ان کی وفات رواں برس فروری میں ہوئی تھی۔
ضمنی انتخاب کے تحت 17 اپریل کو عوام اپنے نئے نمائندے کے انتخاب کے لیے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
یاد رہے کہ اس ضمنی انتخاب میں 18 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 3 سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 15 آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے نواب یوسف تالپور کی بیوہ، صبا تالپور کو امیدوار نامزد کیا ہے، جو پارٹی کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔