اسلام آباد، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سب لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان ہی ہماری پارٹی کا نشان ہیں۔
الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرائے، ابھی تک الیکشن کمیشن کی طرف سے ہمیں سرٹیفکیٹ نہیں ملا، ہم نے الیکشن کمیشن کے آئینی و قانونی سوالات کا جواب دے دیا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی سرٹیفکیٹ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، پارٹی دفتر پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے دستاویزات لے گئی تھی، ہمیں امید ہے اگلی سماعت پر پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی دنیا کی بڑی سیاسی پارٹیوں میں سے ہے، پاکستان میں سب سے بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی ہے، سب لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، عمران خان ہی ہماری پارٹی کا نشان ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ممبران صاحبان اور چیف الیکشن کمشنر کیلئے وہی طریقہ کار ہے جو آئین میں درج ہے، پارلیمنٹری کمیٹی بننے پر ہی یہ پراسیس جلد مکمل ہوگا۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر کمیشن بنانے کا مطالبہ ہے، جب تک مطالبات نہیں مانے جاتے، اس وقت تک مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ایک بار پھر 14 سال قید کی سزا دی گئی، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں ان کو بھی سزا ہوئی، القادر ٹرسٹ کیس میں حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہوا، یہ کیس عدالت میں اڑ جائے گا، عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔