اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کے لیے طے کر دی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا پانچ رکنی آئینی بینچ 21 مارچ کو درخواست پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، جو 25 مئی 2022 کے لانگ مارچ کے دوران مقررہ مقام کے بجائے ڈی چوک پہنچنے پر داخل کی گئی تھی۔
پچھلی سماعت میں عدالت نے حکومت سے دریافت کیا تھا کہ آیا وہ درخواست کی مزید پیروی کرنا چاہتی ہے یا نہیں، جبکہ عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا پہلے ہی جواب جمع کرا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 2022 میں لانگ مارچ کے لیے مخصوص مقام مختص کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر عمران خان کے وکلاء نے مارچ کو مقررہ جگہ تک محدود رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
تاہم ، لانگ مارچ 26 مئی 2022 کو جناح ایونیو پر اختتام پذیر ہوا، جہاں مظاہرین نے ڈی چوک کے قریب درختوں کو آگ بھی لگا دی تھی۔