پی ٹی آئی نے پارٹی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی ڈسپلن کیخلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
شوکاز نوٹس کے مطابق شیر افضل مروت کو بطور ممبر اسمبلی و کور کمیٹی مذاکراتی عمل کا مکمل ادراک ہے، بطور ممبر اسمبلی و کور کمیٹی شیر افضل مروت کو کسی مذاکراتی ٹیم ممبر کے خلاف بیان نہیں دینا چاہیے۔
نوٹس کے مطابق شیر افضل مروت نے جاری مذاکرات کے حوالے سے بھی سخت کمنٹس دیے، شیر افضل مروت کی جانب سے ایسے بیانات دے کر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
شوکار نوٹس میں یہ بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے سامنے شیر افضل مروت کا معاملہ رکھا گیا،عمران خان نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے۔
شوکاز نوٹس کے مطابق شیر افضل نے نتائج کا سوچے بغیر بات کی اور ایک سے زیادہ مرتبہ پارٹی کو نقصان پہنچایا، یہ شوکاز ایک سے زائد مرتبہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر جاری کیا جا رہا ہے، 7 دن کے اندر شوکاز کا جواب دیں ورنہ پالیسی کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز پہلے شیر افضل مروت نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس معاملے کو عمران خان کے سامنے بھی اٹھائیں گے۔