اسلام آباد، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت اور جیل میں نہ ہونے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ فائنل کال کے بعد آج عمران خان سے ملاقات ہوئی، 26 نومبر کے واقعے کا عمران خان کو علم نہیں تھا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ڈی چوک واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ ہمارے لوگ مشکل صورتحال سے گزرے ہیں، تحریک انصاف کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت اور جیل میں نہ ہونے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
دوسری جانب رہنما پاکستان مسلم لیگ ن اور سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ خون کے آنسو خیالی لاشوں کے لیے بہائے جا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ کرم کی ان 131 لاشوں کا کہیں کوئی ذکر نہیں جن میں سے ہرایک کا نام ہے،جن میں سے ہر ایک کی نماز جنازہ پڑھی گئی، جن میں سے پر ایک کی میت کو قبر میں اتارا گیا،جن میں سے ہر ایک کے گھر میں صف ماتم بچھی ہے۔