بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت خراب ہونے میں کوئی صداقت نہیں، ان سے فیملی کی ملاقات ہوئی ہے وہ صحت مند ہیں۔
اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی بہن علیمہ خان نے واضح کیا کہ ان کی صحت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان سے فیملی کی ملاقات ہوئی ہے، وہ بالکل صحت مند ہیں اور جیل میں انہیں مناسب سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ چاہے جتنا بھی دباؤ ڈال لیا جائے، وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے آج بھی کہا گیا کہ حکم کے مطابق بشریٰ بی بی سے ملاقات ممکن نہیں۔
علیمہ خان نے جیل تک رسائی میں حائل رکاوٹوں پر بھی بات کی، ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل سے دو کلومیٹر پہلے ان کی گاڑی کو روک دیا گیا، وکلا کو بھی روکا گیا، یہاں تک کہ سلمان اکرم راجہ اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہمیں تقریباً 50 منٹ انتظار کے بعد جیل جانے کی اجازت ملی۔
انہوں نے کہا کہ جیل قوانین اور عدالتی احکامات کی کوئی اہمیت نہیں رکھی جا رہی۔ میڈیا میں پھیلنے والی کچھ اطلاعات کو فیک قرار دیتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان سے منسوب اسکرین شاٹس جھوٹے ہیں اور اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔
سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم 1 بجے کے یہاں آئے ہوئے تھے لیکن ملاقات نہیں کرنے دی گئی، اچھی بات یہ ہے بہنوں کی ملاقات ہوئی، فیملی کے 5 ممبران ملے، علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کی صحت بلکل ٹھیک ہے۔