اسلام آباد، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سابق وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ پارٹی کی سیاسی ٹیم میں تجربے کی کمی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ سیاسی قیادت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عید کے بعد عوامی احتجاج کیسے ممکن ہوگا جب خود سیاسی لوگ میدان میں آنے سے گریزاں ہیں؟
فیصل چوہدری نے کہا کہ وہ جلد عمران خان سے ملاقات کریں گے اور جاننے کی کوشش کریں گے کہ ان کے خلاف کس نے غلط فہمیاں پیدا کیں، اس معاملے کو اتنی آسانی سے ختم نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وکیل سلمان اکرم راجہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دی گئی انڈرٹیکنگ سے عمران خان بے خبر تھے، فیصل چوہدری کے مطابق عدالت میں پارٹی کے لیے بڑا نقصان برداشت کیا گیا، اس کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
واضح رہے کہ فیصل چوہدری کو عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ روز لیگل ٹیم سے الگ کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرضوں کے سہارے ترقی ممکن نہیں، دعا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کا موجودہ پروگرام آخری ہو، 77 سالوں میں ملک پر قرضوں کا بوجھ بڑھا ہے، آخری حد تک کوشش کروں گا کہ قوم کو قرضوں سے نجات دلاؤں۔