جمعہ, 25 اپریل , 2025

عمران خان کی بہنوں سے ناروا سلوک، وقت آنے پر حساب لیا جائے گا، علی امین گنڈاپور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہنوں اور پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ناپسندیدہ سلوک کا وقت آنے پر حساب لیا جائے گا۔

اڈیالہ میں پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے بانی و چیئرمین عمران خان کی بہنوں اور دیگر قائدین کے ساتھ بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے بانی چیئرمین کی بہنوں، حامد رضا اور دیگر کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنا اور پھر انہیں اڈیالہ سے 80 کلومیٹر دور ویرانے میں چھوڑ دینا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ پولیس کا خواتین کے ساتھ یہ سلوک ریاستی جبر و تشدد اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ علیمہ خان اور ان کی بہنوں کے ساتھ یہ ناروا سلوک ناقابل قبول ہے، اور وقت آنے پر اس کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی جرات اور بہادری کو سراہا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ حکومت بانی چیئرمین کے دشمنی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے اور اس طرح کے غیر انسانی اور غیر قانونی ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جعلی حکومت کی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے آئیں ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔ بانی چیئرمین کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ عمران خان کے اہل خانہ اور پارٹی قائدین کو ملاقات کی اجازت نہ دینا آئین و قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی چیئرمین سے ملاقاتوں کے حوالے سے عدالت کے واضح احکامات کے باوجود حکومت کی طرف سے اہل خانہ اور پارٹی قائدین کو ملاقات کی اجازت نہ دینا عدالتی حکم کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عدلیہ کو چاہیے کہ وہ ان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے یا ہمیں وہ فورم بتائے جہاں ہم انصاف کے لیے رجوع کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو نہ عدالتی احکامات کی کوئی پرواہ ہے اور نہ ہی بنیادی انسانی حقوق کا کوئی لحاظ۔ ملک میں اس وقت قانون کی عملداری کا کوئی وجود نہیں، بانی چیئرمین کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دینا اور ان پر تشدد کرنا حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے، جعلی حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور ملک کو انارکی کی طرف لے جانے سے گریز کرنا چاہیے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter