راولپنڈی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی آج اڈیالہ جیل آمد کا امکان ہے، جہاں ان کی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اعظم سواتی ایک خصوصی پیغام لے کر اڈیالہ جیل گئے تھے، بتایا جا رہا ہے کہ یہ ملاقات علی امین گنڈاپور کی کوششوں سے ممکن ہوئی، کیونکہ اعظم سواتی کئی دنوں سے ملاقات کی اجازت کے منتظر تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اعظم سواتی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جس کے بعد انہوں نے عمران خان کی جلد رہائی کا دعویٰ بھی کیا۔
مزید اطلاعات کے مطابق ملاقات کے دوران اعظم سواتی نے عمران خان سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم، عمران خان نے کسی قسم کی یقین دہانی نہیں کرائی، البتہ بشریٰ بی بی نے مذاکرات پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے متوقع ملاقات دراصل اعظم سواتی کی ملاقات کا تسلسل ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کو گراوٹ سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔
جدہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معیشت 3 مرتبہ عدم استحکام کی وجہ سے بحران کا شکار ہو چکی ہے، تاہم چوتھی بار قوم اسے مستحکم رکھے گی کیونکہ مزید بحرانوں کی گنجائش نہیں۔