جمعہ, 25 اپریل , 2025

عظمیٰ بخاری کواگر اختلاف ہے تو حل کریں، غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیں، شرجیل میمن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سمجھدار شخص عظمیٰ بخاری جیسا بیان نہیں دے سکتا، اگر ان کا پیپلز پارٹی سے کوئی اختلاف ہے تو بیٹھ کر بات کریں، میڈیا پر غیر ضروری بیانات سے گریز کریں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کچھ عناصر ایسے ہیں جو آئین کا مطالعہ کیے بغیر بیانات دے دیتے ہیں، وہی لوگ آج پروپیگنڈا کر رہے ہیں جو ماضی میں کالا باغ ڈیم کی حمایت میں ریلیاں نکال چکے ہیں، حکومت میں رہنا یا چھوڑنا اتنا اہم نہیں، اصل بات وقت اور حالات کے مطابق درست فیصلے کرنا ہے۔ کالا باغ ڈیم کا معاملہ صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح کیا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی شخصیت یا جماعت کے ساتھ نہیں، پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی تھی، مگر جواب انکار میں آیا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام صوبے مل کر آگے بڑھیں، ملک کو درپیش چیلنجز میں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے، ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو اور آصف زرداری نے ہمیشہ قومی وحدت کو ترجیح دی۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مشترکہ مفادات کونسل کے ذریعے متعدد بار وفاق کو خط لکھے ہیں، ہم پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ نہروں کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ یہ پیپلز پارٹی کا اصولی مؤقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری وابستگی عوام کے ساتھ ہے، ہم ان کے حقوق کے لیے کھڑے ہیں، کسی دباؤ میں آ کر فیصلے نہیں کریں گے، آصف علی زرداری کی صحت بہتر ہے اور قیادت پوری طرح پرعزم ہے۔ سندھ کے حقوق کے لیے صدر مملکت نے جو کردار ادا کیا، وہ قابل تحسین ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter