اسلام آباد، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیان پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم پہلے بھی واضح کرچکے ہیں اور اب بھی کہتے ہیں کہ اسپیکر کے دفتر سے کسی تقریب یا ایونٹ کے لیے ہمیں کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، اسپیکر کی جانب سے کسی عشائیے کی دعوت نہیں دی گئی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی رات اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے امریکی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا تھا، جس کے لیے بیرسٹر گوہر اور عامر ڈوگر کو باقاعدہ دعوت دی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق دونوں ارکان نے شرکت کی تصدیق بھی کی تھی، مگر نہ عشائیے میں شریک ہوئے اور نہ ملاقات میں۔ اس لیے دعوت نہ دینے کا مؤقف درست نہیں۔
ادھر اسپیکر ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ امریکی کانگریس کے ارکان نے پاکستان کے داخلی معاملات، خصوصاً بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بات نہیں کی، وہ اسے پاکستان کا اندرونی مسئلہ سمجھتے ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ عشائیے کی دعوت باقاعدہ دی گئی تھی اور اس کا ثبوت موجود ہے، پی ٹی آئی کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل بھی اس بات کی تصدیق کر چکی ہیں کہ عامر ڈوگر کو دعوت دی گئی تھی، تاہم وہ ذاتی مصروفیات کے باعث دیگر پارٹی اراکین کو آگاہ نہ کر سکے۔