عرب و اسلامی وزارتی کمیٹی کی غزہ پر اسرائیلی قبضے کی شدید مذمت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ریاض میں عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور تنظیمات پر مشتمل وزارتی کمیٹی نے اسرائیل کے حالیہ اعلان، جس میں غزہ پر مکمل فوجی کنٹرول کا دعویٰ کیا گیا ہے، کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اسے خطرناک اشتعال انگیزی، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور غیر قانونی قبضے کو طاقت کے ذریعے مسلط کرنے کی مجرمانہ کوشش قرار دیا۔

latest urdu news

کمیٹی کے مطابق یہ اقدام غزہ میں قتل عام، بھوک مسلط کرنے، جبری بے دخلی اور فلسطینی زمینوں کے انضمام جیسی پالیسیوں کا تسلسل ہے، جو انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ان پالیسیوں نے امن کے کسی بھی امکان کو ختم کر دیا ہے اور عالمی سطح پر جاری جنگ بندی کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے، جبکہ غزہ پچھلے 22 ماہ سے مکمل محاصرے اور مسلسل جارحیت کا شکار ہے۔ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں بھی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

وزارتی کمیٹی نے اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے، شہری آبادی اور بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے، انسانی امداد کی بلا شرط فراہمی اور بین الاقوامی امدادی اداروں کو آزادانہ کام کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ مصر، قطر اور امریکہ کی قیدیوں کے تبادلے اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی بھی حمایت کی گئی۔

کمیٹی نے فلسطینی عوام کو غزہ یا مغربی کنارے بشمول مشرقی یروشلم سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کیا اور مقدسات کی قانونی و تاریخی حیثیت کے تحفظ پر زور دیا، جس میں ہاشمی وصایت کے کردار کو تسلیم کیا گیا۔

کمیٹی نے واضح کیا کہ پائیدار امن صرف دو ریاستی حل سے ممکن ہے، جس کے تحت چار جون 1967ء کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی اور انسانی المیے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے عالمی برادری خصوصاً سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری اقدامات کریں، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں اور سعودی عرب و فرانس کی قیادت میں نیویارک میں ہونے والی اعلیٰ سطحی کانفرنس کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

یاد رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیاں 2023 سے مسلسل شدت اختیار کر چکی ہیں، جن پر عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر احتجاج اور جنگ بندی کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter