عراق میں ریت کے طوفان سے بڑی تباہی، سانس لینے میں دشواری کے باعث ہزاروں افراد اسپتال میں داخل ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی اور جنوبی عراق میں ریت کے طوفان نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے 1 ہزار سے زائد افراد کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
عراق کے صوبہ متھنہ کے اسپتالوں میں 700، صوبہ نجف میں 250 سے زائد افراد کو اسپتال لایا گیا جنہیں سانس لینے میں دشواری کی شکایت تھی۔
دی قار اور بصرہ صوبوں میں 530 افراد جبکہ صوبہ دیوانیہ کے اسپتالوں میں 322 مریضوں بشمول بچوں کو اسپتال لایا گیا۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق، ریت کے طوفان سے زخمی ہونے والے زیادہ تر لوگ بصرہ صوبے سے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریت کے طوفان کے باعث حد نگاہ شدید متاثر ہوئی جب کہ صوبے نجف اور بصرہ کے ایئر پورٹ بند کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق میں ریت کے طوفان عام ہیں، تاہم وزارت ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے باعث مستقبل میں ریت کے مزید طوفان آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 37 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فضائی حملوں نے غزہ کے واحد مکمل فعال ہسپتال کو بھی تباہ کر دیا، جس کی سعودی عرب، قطر اور دیگر ممالک نے شدید مذمت کی۔