لاہور پولیس کی جانب سے نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے کی تاحال تصدیق سے گریز کیا گیا ہے جبکہ واقعے پر طلبہ نے شدید احتجاج کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے کی پولیس تحقیقات کررہی ہے مگر طالبہ سے زیادتی کی اب تک تصدیق نہیں ہوسکی جب کہ 4 سے 5 ہسپتالوں میں طالبہ کے داخلے کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق سکیورٹی گارڈ پولیس تحویل میں ہے لیکن وہ اس واقعے سے انکاری ہے، کالج کےاندرونی حصوں کے کلوز سرکٹ کیمروں سے بھی اس متعلق کوئی شواہد نہیں ملے لہٰذا طلبہ افواہوں پر یقین نہ کریں، اگر کوئی متاثرہ سٹوڈنٹ ہے تو پولیس کو بتائیں وہ تعاون کرے گی۔
دوسری جانب کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر کالج کے طلبا و طالبات کی جانب سے مسلم ٹاؤن موڑ کے قریب کینال روڈ پر کالج کے باہر احتجاج کیا گیا، احتجاج میں شیشہ لگنے سے طالب علم شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ احتجاج میں شامل 1 طالبہ کی حالت شدید خراب ہوئی جبکہ احتجاجی طلبہ کے مطابق 1 طالبہ اور1 طالب علم پر مبینہ طور پر کالج کے گارڈ کی جانب سے تشدد کیا گیا جنہیں بعد میں اسپتال منتقل کیا گیا۔