2016 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی مشہور رومانوی فلم صنم تیری قسم کی دوبارہ مقبولیت کے بعد فلم سازوں نے اس کے سیکوئل کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ہارش وردھن رانے اور ماورا حسین کی جوڑی نے شائقین کو ایک بار پھر اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، اور اب مداح بے صبری سے صنم تیری قسم 2 کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں۔
فلم کے ہدایتکار رادھیکا راؤ اور ونے سپرو نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سیکوئل کی کہانی پہلے حصے کی تحریر کے دوران ہی تیار کر لی گئی تھی۔ ان کے مطابق، دوسرا حصہ پہلے سے مکمل شدہ کہانی پر مبنی ہوگا اور فلم کی ریلیز کے لیے ویلنٹائن ڈے 2026 کو ہدف بنایا گیا ہے۔
ہدایتکاروں نے مزید وضاحت کی کہ فلم کے پہلے حصے کے اختتامی سین میں، جہاں اندر درخت کے قریب پہنچتا ہے اور سارو (ماورا حسین) کی آواز گونجتی ہے، وہ درحقیقت سیکوئل کے لیے ایک پس منظر تیار کرنے کا حصہ تھا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ ماورا حسین سیکوئل میں نظر آئیں گی یا نہیں، لیکن فلم کے میکرز جلد ہی کاسٹ کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔ ہدایتکاروں کا کہنا ہے کہ فلم کے زیادہ تر گانے تیار ہو چکے ہیں، اور جلد ہی صنم تیری قسم 2 کو آفیشلی لانچ کیا جائے گا۔
View this post on Instagram