اسلام آباد، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کو مضبوط اور خود مختار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین معاشرے کا نصف حصہ ہیں اور وہ سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں،ملک کی ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، معاشی مواقع اور قیادت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو شمولیتی ہو اور مساوات پر مبنی ہو، خواتین کے تحفظ، تعلیم اور مالی خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ کاروباری اور نجی شعبے کو خواتین کے لیے مساوی مواقع اور محفوظ ماحول مہیا کرنا چاہیے۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عالمی معاہدوں کے تحت خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، اور خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کی بنیاد، گھروں کا ستون اور مستقبل کی معمار ہیں۔ آج کے دن ہم اس حقیقت کا اعادہ کرتے ہیں کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں، چاہے وہ کلاس روم ہو یا بورڈ روم، میدان ہو یا فرنٹ لائن، پاکستانی خواتین ملک کے روشن مستقبل کو سنوار رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال خواتین کے عالمی دن کا عنوان تمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے حقوق، مساوات اور خودمختاری دراصل ہماری مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر عورت کو اس کے جائز حقوق حاصل ہوں۔
اسلام خواتین کی عزت، وقار اور ان کے حقوق پر خاص زور دیتا ہے۔ حکومت پاکستان نے پالیسی اقدامات، قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے خواتین کے حقوق کے فروغ میں نمایاں پیشرفت کی ہے، تاہم صنفی مساوات کے حصول کا سفر ابھی جاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خواتین کی خودمختاری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ جب ہم خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی آزادی میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو درحقیقت ہم نہ صرف افراد بلکہ آئندہ نسلوں کی ترقی کا راستہ ہموار کرتے ہیں۔