پاکستان بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، جہاں مختلف شہروں اور دیہات میں عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اس موقع پر امت مسلمہ، ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں عید نماز ادا کی، جہاں ان کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں عید کی نماز ادا کی، جبکہ نواز شریف نے جاتی امراء میں نماز پڑھی۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے آبائی گاؤں عبدالخیل، ڈیرہ اسماعیل خان میں عید کا خطبہ دیا، جبکہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نوکنڈی میں نماز ادا کی۔
بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی اور بعد میں بینظیر بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر شہداء کے مزارات پر فاتحہ خوانی کی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار نے گورنر ہاؤس کراچی میں جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وسیم اختر اور دیگر رہنماؤں نے پولو گراؤنڈ کراچی میں نماز عید ادا کی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں نماز پڑھی۔
دیگر شخصیات میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے قصور، جبکہ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری اور سپریم کورٹ کے ججز نے جی او آر ون لاہور میں نماز ادا کی۔
ملک بھر میں عید کے اجتماعات پرامن طریقے سے منعقد ہوئے، جہاں عوامی اور سیاسی رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔