راولپنڈی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور غازی قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، ان کا احترام ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں اعزازی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو ان کی بہادری، شجاعت اور غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔
یہ اعزازات دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی سلامتی کے لیے کی گئی نمایاں خدمات پر دیے گئے، اس پروقار تقریب میں سینئر فوجی افسران اور اعزازات حاصل کرنے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ نے بھرپور شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت جیسے اعلیٰ اعزازات تقسیم کیے گئے، جبکہ شہداء کے ورثاء نے اپنے پیاروں کے لیے بعد از شہادت ملنے والے تمغے وصول کیے۔
تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ آج کا سکون اور آزادی اُن عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے جو شہداء نے وطن کے لیے دی ہیں، انہوں نے پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی وزیر پٹرولیم کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ علی پرویز ملک نے وزیراعلیٰ پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کیے ہیں، وزیراعلیٰ نے مائنز اینڈ منرلز بل سے متعلق کسی بھی دستاویز پر دستخط نہیں کیے، اور نہ ہی اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پایا ہے۔