بھارت میں ایک انوکھے واقعے میں شوہر نے خود اپنی بیوی اور آشنا کو مندر لے جا کر دونوں کی شادی کرادی۔
بھارت میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک شوہر نے اپنی بیوی اور اس کے آشنا کی خود شادی کروا دی، تاکہ وہ دونوں اسے قتل نہ کر دیں۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سنت کبیر نگر میں پیش آیا، جہاں ببلو نامی شخص نے 2017 میں رادھیکا سے شادی کی تھی۔ دونوں کے دو بچے بھی ہیں۔
ببلو محنت مزدوری کے لیے دوسری ریاست میں مقیم تھا، جہاں اسے بیوی کے غیر مرد سے تعلقات کا پتہ چلا۔ بیوی کا ویکاس نامی شخص سے ڈیڑھ سال سے معاشقہ چل رہا تھا۔
جب ببلو کو حقیقت معلوم ہوئی، تو اس نے بیوی سے براہ راست سوالات کیے، اور تصدیق ہونے کے بعد، بجائے جھگڑنے کے، خود بیوی اور آشنا کو مندر لے جا کر شادی کروا دی۔
ببلو نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: "میں نے حالیہ واقعات دیکھے، جہاں بیویوں نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہروں کو قتل کر دیا۔ میں مرنا نہیں چاہتا تھا، اس لیے میں نے خود انہیں شادی کا موقع دے دیا۔”
حالیہ دنوں میں بھارت میں ایسے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں بیویوں نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل کیا۔
ببلو کا یہ فیصلہ انوکھا ضرور ہے، مگر سوشل میڈیا پر اس پر ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں، کچھ لوگ اسے "سمجھداری” قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ نے اسے "دھوکہ دہی کے سامنے ہار ماننے” سے تعبیر کیا ہے۔